آئی فون 20 پرو کا ڈیزائن لیک، بڑی تبدیلیوں کا امکان
اگلے سال آئی فون کی پیشکش کو 20 سال مکمل ہوجائیں گے، جس کے باعث یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ ایپل معمول کے مطابق آئی فون 19 متعارف کرانے کے بجائے براہ راست آئی فون 20 سیریز پیش کرسکتا ہے۔ اسی حوالے سے آئی فون 20 پرو اور آئی فون 20 پرو میکس کے ممکنہ ڈیزائن سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
آئی فون 20 پرو کی اسکرین کتنی بڑی ہوگی؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی فون 20 پرو میں 6.41 انچ کا ڈسپلے دیے جانے کا امکان ہے، جو موجودہ آئی فون 18 پرو کے مقابلے میں قدرے بڑا ہوگا، آئی فون 20 پرو میکس میں 6.9 انچ کی اسکرین متوقع ہے۔
فلیٹ اسکرین کی جگہ نیا ڈیزائن؟
آئی فون 20 پرو سیریز میں ممکنہ طور پر سب سے نمایاں تبدیلی ڈسپلے کے ڈیزائن میں ہوسکتی ہے، رپورٹس کے مطابق ایپل بارڈر لیس کواڈ کروڈ اسکرین پر غور کر رہا ہے، جس میں اسکرین کے چاروں کنارے خم دار ہوسکتے ہیں۔
موجودہ آئی فون ماڈلز میں فلیٹ ڈسپلے استعمال کیا جاتا ہے، اس لیے اگر یہ تبدیلی عملی شکل اختیار کرتی ہے تو نئے آئی فون کا فرنٹ ڈیزائن موجودہ ماڈلز سے نمایاں طور پر مختلف ہوسکتا ہے۔
ڈائنامک آئی لینڈ بھی تبدیل ہونے کا امکان
لیک میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایپل مستقبل کے آئی فون میں موجودہ ڈائنامک آئی لینڈ کو ختم یا تبدیل کرسکتا ہے۔ اس کی جگہ سیلفی کیمرے کیلئے پنچ ہول طرز کا ڈیزائن استعمال کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس تبدیلی سے اسکرین پر موجود کٹ آؤٹ کا حجم کم ہوسکتا ہے اور صارفین کو زیادہ اسکرین ایریا دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
لیکس کتنے درست ہیں؟
تاہم آئی فون 20 پرو سیریز کی ممکنہ لانچ میں ابھی کافی وقت باقی ہے، اس لیے سامنے آنے والی ان تفصیلات کو حتمی معلومات قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ایپل نے ابھی تک آئی فون 20 پرو کے ڈیزائن، اسکرین یا کیمرہ کٹ آؤٹ سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
ممکن ہے کہ آئندہ مہینوں میں سامنے آنے والی مزید معلومات موجودہ لیکس میں تبدیلی کریں، جبکہ حتمی ڈیزائن ایپل کی جانب سے فون کی باضابطہ رونمائی کے وقت ہی واضح ہوگا۔