ایپل نے اپنے نئے آئی فون کی لانچنگ تاریخ کا اعلان کر دیا
ایپل کی جانب سے میڈیا کو بھیجے گئے دعوت ناموں میں سرپرائز اینڈ شائن کا جملہ نمایاں کیا گیا، دعوت نامے میں روشن ایپل لوگو بھی دکھائی دے رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق خصوصی لانچ ایونٹ 9 ستمبر کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کیوپرٹینو میں واقع ایپل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوگا، تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہونے کی توقع ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایونٹ کا مرکز نئے آئی فون ماڈلز ہوں گے جبکہ ایپل واچ کی نئی ڈیوائسز بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل اپنے پہلے فولڈنگ آئی فون کی رونمائی کرسکتا ہے، جس کا ٹیکنالوجی صارفین کو طویل عرصے سے انتظار ہے۔
ذہن نشین رہے کہ ایپل کی جانب سے رواں ہفتے نئے میک منی اور میک اسٹوڈیو ماڈلز کا اعلان بھی کیا گیا، جن کی ترسیل 22 ستمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اب موبائل صرف تین منٹ میں چارج ہوگا
دوسری جانب ایونٹ میں سری کے نئے مصنوعی ذہانت پر مبنی ورژن کی رونمائی بھی متوقع ہے۔ نئے نظام میں لارج لینگویج ماڈل ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس سے سری میسجنگ، کیلنڈر اور دیگر ایپس کے ساتھ زیادہ مؤثر انداز میں کام کرسکے گی۔
یہ ایپل کا پہلا بڑا لانچ ایونٹ ہوگا جس کی قیادت جان ٹرنَس بطور چیف ایگزیکٹو کریں گے۔