رونالڈو کو کیمپ چھوڑنا مہنگا پڑ گیا، پابندی کا سامنا
فائل فوٹو
Updated | Published October, 10 2026 |
لزبن:(ویب ڈیسک) پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر تادیبی کاروائی شروع کر دی گئی ہے، پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے ضوابط کے تحت ان پر ایک سے 6 ماہ تک پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور کوچ جارج جیسز کے درمیان کھیلنے کے وقت سے متعلق اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد سٹار فٹبالر ناراض ہو کر ٹیم کا کیمپ چھوڑ گئے، اس واقعے پر فیڈریشن نے کاروائی شروع کر دی ہے جبکہ پابندی کی حتمی مدت کا فیصلہ ڈسپلنری کونسل کرے گی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اگر پابندی ایک ماہ سے زیادہ ہوئی تو رونالڈو اگلے ماہ ڈنمارک اور ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے میچز نہیں کھیل سکیں گے، تاہم ای ایس پی این کے مطابق مختصر مدت کی پابندی کا امکان زیادہ ہے۔
رونالڈو نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ کیمپ چھوڑنا ان کی غلطی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوچ کی جانب سے کیے گئے وعدے سے انحراف پر انہیں مایوسی ہوئی تاہم وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے عمل کے نتائج سامنے آنے چاہیے اور قوانین کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔
دوسری جانب کوچ جارج جیسز نے کہا کہ انہوں نے رونالڈو کا بیان پڑھ لیا ہے اور اب ان کی توجہ ٹیم کے معاملات پر مرکوز ہے۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی قومی ٹیم کی جانب سے اب تک 234 میچز میں 146 گول کر چکے ہیں اور وہ ملک کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔