فیفا ورلڈکپ: یوراگوئے، سعودی اور ایران، نیوزی لینڈ کے میچز ڈرا
تفصیلات کے مطابق میامی اسٹیڈیم میں گروپ ایچ کے میچ میں یوراگوئے اور سعودی عرب کا مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ سعودی عرب نے پہلے ہاف میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے یوراگوئے کو دباؤ میں رکھا۔
میچ کے 41 ویں منٹ میں عبدالالہ العمری نے گول کر کے سعودی عرب کو برتری دلائی۔ پہلے ہاف میں سعودی ٹیم زیادہ متحرک دکھائی دی اور اس نے 5 شاٹس لگائے، جن میں سے 3 ہدف پر تھے۔
یوراگوئے نے بھی پہلے ہاف میں گول کرنے کی کوششیں کیں، تاہم وقفے تک برابری کا گول نہ ہو سکا۔ دوسرے ہاف میں یوراگوئے نے کھیل پر مکمل کنٹرول حاصل کیا اور سعودی دفاع پر مسلسل دباؤ بڑھایا۔
یوراگوئے نے مجموعی طور پر 27 شاٹس لگائے، جن میں سے 10 ہدف پر تھے، جبکہ ٹیم نے 584 پاسز مکمل کیے اور پاسنگ کی درستگی 92 فیصد رہی۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ، اسپین اور کیپ ورڈی کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر
سعودی عرب کو دوسرے ہاف میں شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سعودی دفاع طویل وقت تک مزاحمت کرتا رہا۔ سعودی ٹیم نے مجموعی طور پر 313 پاسز کیے۔
میچ کے 80 ویں منٹ میں میکسی میلیانو نے اہم گول کر کے یوراگوئے کو شکست سے بچا لیا، جس کے بعد مقابلہ 1-1 سے برابر ختم ہوا۔
دوسری جانب فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک اور میچ میں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ بھی 2-2 گول سے برابر رہا۔
ایران کی جانب سے رامین اور محمد محبی نے گول اسکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ کی طرف سے دونوں گول جسٹ نے کیے۔
دونوں میچز ڈرا ہونے کے بعد ٹیموں کے لیے اگلے مقابلے مزید اہم ہو گئے ہیں، جہاں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات بہتر بنانے کے لیے انہیں کامیابی درکار ہوگی۔