9 اور 10 محرم کو موبائل سروس بند ہوگی یا نہیں؟ بڑی خبر آگئی
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس نے محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اپنی سیکیورٹی ہوم ورک رپورٹ مکمل کر لی۔
آئی جی خیبر پختونخوا کی ہدایت پر تیار کی گئی اس خفیہ رپورٹ میں صوبے کے کئی اضلاع کو ہائی الرٹ پر رکھنے کی سفارش کی گئی، جبکہ سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پاک فوج، فرنٹیر کانسٹیبلری اور جدید ٹیکنالوجی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یوم عاشور 26 جون کو ہو گا
خیبرپختونخوا پولیس کی سیکیورٹی رپورٹ کے مطابق صوبے کے 8 اضلاع کو حساس ترین قرار دیا، جن میں پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان)، ٹانک، بنوں، لکی مروت اور ضلع کرم شامل ہیں۔
ان 8 اضلاع کے علاوہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر مزید 6 اضلاع کو حساس کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے، جہاں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی عام دنوں سے زیادہ سخت ہوگی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے صوبے کے 14 اضلاع میں 43 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حساس ترین اضلاع میں پولیس کی مدد کے لیے ایف سی کی پلاٹونز بھی تعینات کی جائیں گی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس سیکیورٹی کو پاک فوج کی مکمل معاونت حاصل رہے گی۔