فخر زمان حالیہ مقابلوں کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے، جس کے بعد طبی معائنے میں انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا۔ انجری کے باعث وہ بنگلہ دیش کے دورے میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کی جلد اور مکمل صحت یابی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ آئندہ اہم مقابلوں کیلئے مکمل طور پر فٹ ہو سکیں۔
فخر زمان اپنی فٹنس بحال کرنے کیلئے لاہور میں قائم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے عمل سے گزریں گے، ماہرین فزیو تھراپسٹ اور ٹرینرز کی نگرانی میں ان کا ری ہیب پروگرام جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے، قومی ٹیم 9 مارچ کو ڈھاکا پہنچے گی جبکہ 10 مارچ کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں:شاہد آفریدی کا شاہین آفریدی کو سخت تنقید کا نشانہ
سیریز کا پہلا میچ 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا 15 مارچ کو کھیلا جائے گا، تینوں میچز ڈھاکا کے تاریخی شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ قومی ٹیم فخر زمان کی عدم موجودگی کے باوجود عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور سیریز اپنے نام کرے گی۔