لاہور: ملک کی پہلی مکمل انڈر گراؤنڈ میٹرو ٹرین شروع کرنیکا فیصلہ
پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ملک کی پہلی مکمل انڈر گراؤنڈ میٹرو ٹرین شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ملک کی پہلی مکمل انڈر گراؤنڈ میٹرو ٹرین شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق آئندہ مالی سال لاہور میں بلیو لائن منصوبہ لانچ کرنے کی تیاری کر لی گئی، فزیبیلٹی اور ڈیزائن ورک تیز کر دیا گیا جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بلیو لائن پر عملی کام شروع کر دیا۔

پنجاب حکومت ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کی پہلی مکمل انڈر گراؤنڈ میٹرو سروس کی فزیبیلٹی رپورٹ تیاری کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کو فزیبیلٹی اور ڈیزائن جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، رپورٹ مکمل ہوتے ہی لاگت، فنانسنگ ماڈل اور تعمیراتی ٹائم لائن واضح ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق 27 کلومیٹر طویل بلیو لائن پراجیکٹ کو تین سال میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ ویلنشیا ٹاؤن سے بابو صابو چوک تک مکمل انڈر گراؤنڈ ٹریک کی تجویز زیر غور ہے، ٹریک میں جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، کلمہ چوک، گلبرگ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، وحدت روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن کے روٹ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز راشن کارڈ، 10 ہزار وصول کرنے کا طریقہ

حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ منصوبہ یومیہ ڈھائی لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا، منصوبے کی لاگت 600 ارب روپے سے تجاوز کر سکتی ہے، ٹنل بورنگ مشینری روزانہ 6 میٹر تک کھدائی کرنے کی صلاحیت رکھے گی۔

منصوبے میں فنانسنگ کیلئے چین، جاپان اور فرانس کی مالیاتی کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ 2016 میں جائیکا اور ترک کنسلٹنٹس کی ابتدائی اسٹڈی مکمل ہو چکی ہے، جون 2024 میں نئی ٹرانسپورٹ اسٹڈی بھی کرائی گئی۔

ذرائع کے مطابق پہلی اسٹڈی میں 12 کلومیٹر انڈر گراؤنڈ تجویز تھا، اب پورا روٹ مکمل طور پر زیر زمین کرنے کا پلان ہے، آئندہ بجٹ میں بلیو لائن کیلئے ابتدائی فنڈنگ اور پی سی ون کی تیاری متوقع ہے، مالی سال 27- 2026 میں بلیو لائن منصوبے کو بجٹ میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔ 

ضرور پڑھیں