لاہور ایک بار پھر آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا
ملتان روڈ 500 اے کیو آئی کے ساتھ لاہور کا آلودہ ترین علاقہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اسموگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے، اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 417 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرگودھا، سیالکوٹ اور ملتان میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
ملتان روڈ پر اے کیو آئی 500 تک پہنچنے کے بعد یہ علاقہ شہر کے آلودہ ترین مقامات میں شامل ہوگیا ہے۔ فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث حساس افراد، بچوں اور بزرگوں کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں جانے سے گریز کریں اور باہر نکلتے وقت مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں۔
دوسری جانب شہر میں موسم خشک اور سرد ہے، موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 12 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم لون اسکیم میں قرض کی حد بڑھا دی گئی
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، شہریوں کو بدلتے موسم اور فضائی آلودگی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔