وزیراعظم لون اسکیم میں قرض کی حد بڑھا دی گئی
اس مقصد کیلئے اسکیم میں نیا ٹیئر 4 متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت نوجوان کاروبار اور زرعی منصوبوں کیلئے بھاری رقم حاصل کر سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسکیم میں ترامیم سے متعلق مراسلہ تمام بینکوں کو ارسال کر دیا ہے، جس میں نئے قرضوں کی حد، مدت اور شرح سود سمیت دیگر شرائط کی وضاحت کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مراسلے کے مطابق ٹیئر 4 کے تحت 75 لاکھ روپے سے زائد اور زیادہ سے زیادہ ڈھائی کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس قرض کی طویل المدتی مدت زیادہ سے زیادہ 8 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس میں ایک سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا۔
قرض کیلئے سیکیورٹی بینک کی پالیسی کے مطابق حاصل کی جائے گی، ٹیئر 4 کیلئے بینک ریٹ 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ قرض لینے والے صارف کیلئے شرح سود 8 فیصد ہوگی۔
اسکیم کے تحت قرض کی مختلف سطحیں بھی برقرار رکھی گئی ہیں:
ٹیئر 1: 5 لاکھ روپے تک قرض۔
ٹیئر 2: 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک قرض۔
ٹیئر 3: 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرض۔
ٹیئر 4: 75 لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے تک قرض۔
مراسلے کے مطابق ٹیئر 3 کا بینک ریٹ بھی 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹیئر 3 کی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گی۔
اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم میں خواتین کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھایا جائے، اس کے علاوہ لیپ ٹاپ فار آل اور پروسپیکٹو اوورسیز ورکرز کو ٹیئر 5 میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
قرضوں کے خطرات کم کرنے کیلئے پورٹ فولیو پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:فلک جاوید کی ضمانت سے متعلق عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا
اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم کی دیگر شرائط، سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار اور ضوابط برقرار رہیں گے۔ نئی ترامیم مراسلے کے اجرا کے بعد تقسیم ہونے والی فنانسنگ پر لاگو ہوں گی۔