دھند کے باعث موٹروے کے اہم سیکشنز ٹریفک کیلئے بند
فائل فوٹو
Updated | Published November, 27 2026 |
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے کے متعدد سیکشنز ٹریفک کیلئے بند کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بھی گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔
موٹروے ایم 4 کا فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک سیکشن بھی دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کیلئے کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا، نوٹیفکیشن جاری
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کی روشنی میں روانہ ہوں، ترجمان کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔