پاکپتن کی اہم شخصیات کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان
تفصیلات کے مطابق، آستانہ عالیہ پانی پت پاکپتن شریف کی معروف روحانی شخصیت پیر غلام قطب الدین چشتی صابری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ وفد میں پیر
غلام جلال الدین چشتی، پیر غلام فرید الدین چشتی اور پیر نصیر الدین چشتی بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب کی ترقی اور پاکپتن کے مقامی و عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آستانہ عالیہ پانی پت کے مشائخ عظام نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا عبدالغفور حیدری گرفتار: ترجمان جے یو آئی
چاروں پیر صاحبان نے اپنے مریدین، خلفاء اور عقیدت مندوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قافلے میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے شامل ہونے والے تمام معزز مہمانوں کو پارٹی پرچم کے رنگوں کے مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا۔ گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکپتن کی ان قدآور روحانی شخصیات کی شمولیت سے علاقے میں پارٹی کو نئی توانائی ملے گی اور عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا۔
ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے مرکزی رہنما اور مقامی عہدیداران بھی موجود تھے، جنہوں نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو مبارکباد پیش کی اور اس پیش رفت کو آئندہ انتخابات کے حوالے سے پاکپتن کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا۔