لیسکو نے بلوں کی اقساط پر پابندی عائد کر دی
نئے احکامات کے تحت صارفین کو موجودہ ماہ کے بجلی بل کی ادائیگی اقساط میں کرنے کی سہولت نہیں ملے گی، تاہم سابقہ بقایا جات پر اقساط کی اجازت برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے نادہندہ نجی و سرکاری محکموں اور اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے ریکوری مہم شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی کے تمام دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کرنٹ بلوں پر اقساط کی سہولت فراہم نہ کی جائے۔
لیسکو حکام کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق صارفین کو صرف سابقہ بقایا جات کی مد میں اقساط کی سہولت دی جا سکے گی، جبکہ موجودہ ماہ کا بل مقررہ وقت پر ادا کرنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے واجبات کی وصولی یقینی بنانے کیلئے بقایا جات کو کرنٹ بل کے ساتھ وصول کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد نادہندگان سے ریکوری کے عمل کو تیز کرنا اور کمپنی کے واجبات کی وصولی یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب نیپرا قوانین کے مطابق بجلی صارفین کو ایک سال کے دوران صرف دو مرتبہ بلوں کی اقساط کی سہولت حاصل ہے، لیسکو نے اسی ضابطے کے تحت اقساط کی سہولت کو محدود کرتے ہوئے کرنٹ بلز کی قسط بندی روک دی ہے۔
نئے فیصلے کے بعد ایسے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو ہر ماہ اپنے بجلی کے بل کی ادائیگی اقساط میں کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ اب انہیں موجودہ بل کی مکمل رقم ادا کرنا ہوگی، جبکہ اقساط کی سہولت صرف پہلے سے واجب الادا رقم تک محدود رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ میں آٹا، کوکنگ آئل اور گھی کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے
لیسکو کی جانب سے ریکوری مہم کے دوران نجی اور سرکاری نادہندہ اداروں سے بھی واجبات کی وصولی پر توجہ دی جا رہی ہے۔