سندھ میں آٹا، کوکنگ آئل اور گھی کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے
آٹا، کوکنگ آئل اور سبزی گھی روزمرہ خوراک کا اہم حصہ ہیں، تاہم ان کے معیار، غذائیت اور حفاظتی ضوابط کی نگرانی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
صوبے میں لاکھوں خاندان روزانہ ان بنیادی اشیائے خورونوش کا استعمال کرتے ہیں، اگر ان میں مقررہ غذائی اجزا شامل نہ ہوں یا معیار کی جانچ کا مؤثر نظام موجود نہ ہو تو غذائی کمی اور صحت کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔
پاکستانی گھرانوں میں گندم کا آٹا روزمرہ خوراک کا بنیادی جزو ہے، اسے آئرن، فولک ایسڈ، زنک اور وٹامن بی 12 سے افزودہ کرنے کا مقصد غذائی کمی پر قابو پانا اور صحت عامہ کو بہتر بنانا ہے۔
آئرن کی کمی خون کی کمی، کمزوری اور تھکاوٹ کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ حمل کے دوران فولک ایسڈ کی ناکافی مقدار بچے میں پیدائشی نقائص کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ اسی طرح زنک کی کمی قوت مدافعت، جسمانی نشوونما اور بچوں کی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔
تاہم صرف آٹا خریدنے سے یہ یقینی نہیں ہوتا کہ صارفین کو مطلوبہ غذائی فوائد بھی حاصل ہو رہے ہیں، اس کیلئے مقررہ مقدار میں غذائی اجزا کی شمولیت، معیار کی جانچ اور باقاعدہ لیبارٹری ٹیسٹ ضروری ہیں۔
سندھ میں کوکنگ آئل اور سبزی گھی بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں، ان میں وٹامن اے اور ڈی شامل کرنے سے بینائی، قوت مدافعت، ہڈیوں کی صحت اور بچوں کی نشوونما کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ تاہم ملاوٹ، ناقص اجزا یا فورٹیفکیشن کے تقاضے پورے نہ ہونے سے صارفین کو مطلوبہ غذائیت نہیں مل پاتی۔
سندھ فوڈ فورٹیفکیشن ایکٹ 2021 کے تحت گندم کے آٹے، خوردنی تیل اور گھی میں ضروری غذائی اجزا شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، لیکن قانون پر مؤثر عمل درآمد اور مسلسل نگرانی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
ماہرین اور متعلقہ حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بازاروں میں معائنوں کا سلسلہ تیز کیا جائے، آزاد لیبارٹریوں سے مصنوعات کی جانچ کرائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے، فی کلو کتنے کا ہوگیا؟
معائنے کے نتائج عوام کے سامنے لانے اور صارفین کو معیاری و فورٹیفائیڈ مصنوعات کی شناخت سے آگاہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ کم آمدنی والے خاندان اس صورت حال سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں کیونکہ ان کا انحصار سستی بنیادی خوراک پر ہوتا ہے۔
عوامی صحت کے تحفظ کے لیے قوانین پر سختی سے عمل درآمد، شفاف نگرانی اور خوراک کے معیار کی باقاعدہ جانچ ناگزیر ہے۔