بچوں کا عالمی دن اور ہمارے معاشرے کی تلخ حقیقتیں: ذمہ دار کون؟

بچوں کا عالمی دن
عالمی یومِ اطفال پاکستان میں بھی ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے/ فائل فوٹو
Updated 15 گھنٹے قبل | Published November, 12 2026 |
لاہور (ویب ڈیسک) عالمی یومِ اطفال پاکستان میں بھی ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کی خاص بات یہ ہے کہ اسے ہر سال بس منا لیا جاتا ہے، عام طور پر بڑے بڑے ہوٹلوں میں تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے، تقاریر کی جاتی ہیں، پینل ڈسکشن ہوتی ہے، اپنی اپنی رائے اور تجاویز سے آگاہ کیا جاتا ہے، پھر آخر میں تصویریں بنوائی جاتی ہیں اور ایک پُرتکلف عشائیے کے بعد اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ جایا جاتا ہے۔

اور پھر کیا ہوتا ہے؟ پھر وہی ہوتا ہے جو دہائیوں سے ہوتا چلا آیا ہے، بچوں کے مسائل نہ صرف جوں کے توں موجود رہتے ہیں بلکہ گزرتے وقت کے ساتھ ان مسائل میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ پاکستان میں بچوں کو جس قسم کے مسائل درپیش ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ان مسائل اور ان کے حل پر بات کی جاتی رہی ہے اور بہت کچھ لکھا بھی جاتا رہا ہے۔ عالمی یومِ اطفال کے موقع پر کچھ خاص مسائل کو ایک بار پھر اجاگر کیا جانا ضروری ہے جو درج ذیل ہیں:

بچوں کے ساتھ ہونے والا زبانی، جسمانی اور جنسی تشدد

پاکستان میں غریب بچے جس جگہ سب سے زیادہ تکلیف میں ہیں وہ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے مکینک کی دکانیں ہیں۔ گھریلو حالات سے مجبور والدین جب اپنے کم عمر بچوں کو ان دکانوں پر چھوڑ آتے ہیں اس امید کے ساتھ کہ یہ یہاں کام سیکھ کر ہنرمند بن جائیں گے، مگر وہاں ہنر اور پیسوں سے زیادہ ذلت ملتی ہے۔ مستری یعنی استاد کی جانب سے بچے یعنی "چھوٹو" کو دن میں کئی بار فحش گالیاں سننی پڑتی ہیں، تھپڑ اور مار پیٹ کو برداشت کرنا پڑتا ہے، چھوٹو کے ننھے منے ہاتھوں سے روزانہ آٹھ سے دس گھنٹے سخت ترین کام کروایا جاتا ہے اور اس مشقت کے بعد اسے بہت ہی کم اجرت دے کر گھر بھیج دیا جاتا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ مکینک کی دکانوں میں جنسی ہراسانی اور زیادتی کے واقعات بھی عام ہیں لیکن خوف اور شرمندگی کے باعث بچے کچھ بتا نہیں پاتے، یہ خاموش ظلم ان کی پوری زندگی پر گہرے زخم چھوڑ جاتا ہے۔ یہ مسئلہ صرف تشدد یا گالیوں تک محدود نہیں، یہ بچوں کے بچپن، عزتِ نفس، ذہنی نشوونما اور مستقبل کو تباہ و برباد کر دینے کے مترادف ہے۔

حل کیا ہے؟

اس سنگین مسئلے کی فوری روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ حکومت سخت قوانین پر عملدرآمد کرائے تاکہ کم عمر بچوں کو ورکشاپوں میں رکھنے والوں کو واضح سزا ملے۔ مکینک دکانوں اور ورکشاپوں کی باقاعدہ نگرانی ہو اور انہیں رجسٹریشن کے بغیر کام کرنے نہ دیا جائے۔ والدین کو آگاہی دی جائے کہ بچپن مزدوری کے لیے نہیں ہوتا، بچوں کو اسکول بھیجنا ضروری ہے۔ بچوں کے لیے محفوظ ہنر سکھانے کے مراکز قائم کیے جائیں جہاں ماحول بھی بہتر ہو اور بچوں کے حقوق بھی محفوظ رہیں۔ جنسی ہراسانی کے خلاف ہیلپ لائنز اور رپورٹنگ سسٹم مضبوط کیا جائے تاکہ متاثرہ بچے فوری مدد حاصل کر سکیں۔

تعلیم کا حصول

تعلیم انسان کی زندگی کو روشن و منور بنا دیتی ہے، اسکول تعلیم کی فراہمی کا ذریعہ ہیں۔ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے اسکولوں کے بارے میں مشہور ہے کہ بہت سے ایسے ہیں کہ جو بھینسوں کے باڑے اور مویشی گاہوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ اسکولوں کو تمام تر سہولیات کے ساتھ فعال کیا جانا ضروری ہے۔ غربت زدہ گھرانوں میں یا تو بچوں کو بالکل پڑھایا لکھایا نہیں جاتا یا پھر چار پانچ کلاسیں پڑھوا کر گھر بٹھا لیا جاتا ہے۔ فرسودہ روایات، رسم و رواج، محدود سوچ وغیرہ اس کی بڑی وجوہات ہیں۔ اس ضمن میں والدین کو مسلسل آگاہی کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ بچوں کے لیے وظائف کی فراہمی کے پروگرام شروع ہوں تو ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔

بچوں کی صحت کے مسائل اور سدباب کا جائزہ

پاکستان میں بچوں کی صحت ایک پیچیدہ بحران بن چکی ہے، جس میں غذائی قلت، پانی اور صفائی کی کمی، حفاظتی ٹیکوں کی غیر دستیابی، اور بنیادی صحت مراکز تک محدود رسائی شامل ہیں۔ بہت سے بچے مناسب خوراک اور وٹامنز کی کمی کے باعث کمزور جسم، خون کی کمی، اور نشوونما کے مسائل کا شکار ہیں، جبکہ گندے پانی اور ناقص حفظانِ صحت کے سبب ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور اسہال جیسی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ والدین اکثر ابتدائی علامات کو نظرانداز کر دیتے ہیں یا علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر پاتے، جس کی وجہ سے معمولی بیماریاں بھی شدید مسائل میں بدل جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ذہنی صحت کے مسائل، جیسے ڈپریشن، اضطراب اور تشدد کے اثرات بھی بچوں میں بڑھ رہے ہیں، جو جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ نفسیاتی نشوونما کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

اس سنگین صورتحال کا حل مضبوط اور مربوط صحت کے نظام میں مضمر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ بنیادی صحت مراکز، پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹس، اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو ہر ضلع اور تحصیل تک پہنچائے، تاکہ ہر بچہ بروقت علاج اور ویکسین تک رسائی حاصل کر سکے۔ اسکولوں اور کمیونٹی سطح پر صحت کی آگاہی کے پروگرام، حفظانِ صحت اور غذائی تعلیم کے فروغ، اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں، کمیونٹی ہیلتھ نیٹ ورک اور موبائل میڈیکل یونٹس کے ذریعے دور دراز علاقوں تک صحت کی سہولیات پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ اقدامات تسلسل کے ساتھ کیے جائیں تو نہ صرف بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت بہتر ہوگی بلکہ پاکستان میں بچپن کو محفوظ، صحت مند اور خوشگوار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

بچوں کا اغوا / اسمگلنگ

پاکستان میں بچوں کی اسمگلنگ ایک سنگین اور بڑھتا ہوا مسئلہ ہے جو بچوں کی معصوم زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال رہا ہے۔ غربت، کم تعلیم، بے روزگاری اور والدین کی لاعلمی کے باعث کئی بچے مختلف علاقوں یا شہروں میں وعدوں اور دھوکہ دہی کے ذریعے اغوا کیے جاتے ہیں۔ اغوا شدہ بچے اکثر جبری مشقت، گداگری، جنسی استحصال، یا انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس میں استعمال کیے جاتے ہیں، جہاں انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ بہت سے والدین خوف، شرمندگی یا وسائل کی کمی کی وجہ سے بچوں کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج نہیں کراتے، جس سے یہ مسئلہ اور بڑھ جاتا ہے۔

اس سنگین بحران کے حل کے لیے ضروری ہے کہ حکومت سخت قوانین نافذ کرے، بچوں کے تحفظ کے لیے خصوصی یونٹس قائم ہوں اور پولیس کو جدید ٹریکنگ اور نگرانی کی تربیت دی جائے۔ اسکولوں اور کمیونٹی میں والدین اور بچوں کو اسمگلنگ کے خطرات کے بارے میں آگاہ کیا جائے تاکہ وہ مشکوک افراد اور خطرناک حالات کو پہچان سکیں۔ بین الاقوامی تعاون، سرحدی نگرانی، اور تبدیلی حکمتِ عملی بھی اس کے نیٹ ورکس کو توڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ صرف قانون، تربیت، تعلیم، صحت اور سماجی شعور کا امتزاج ہی بچوں کی اسمگلنگ کو کم کرنے اور محفوظ مستقبل دینے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔

کم عمری کی شادیاں

کم عمری کی شادی ایک سنجیدہ سماجی مسئلہ ہے جو خاص طور پر دیہی اور غریب علاقوں میں عام ہے۔ بہت سے پسماندہ خاندان غربت، روایتی دباؤ اور تعلیم کی کمی کی وجہ سے بچیوں اور بعض اوقات لڑکوں کی کم عمری میں شادی کر دیتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بچے نہ صرف اپنی تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں بلکہ صحت کے سنگین خطرات، نفسیاتی دباؤ اور گھریلو تشدد کا بھی شکار بنتے ہیں۔ کم عمری میں حاملہ ہونے والی لڑکیاں کئی بار اپنی اور اپنے بچوں کی زندگی کے لیے خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔

اس مسئلے کا حل صرف قوانین بنانے سے ممکن نہیں، اس کے لیے والدین اور کمیونٹی کی سوچ بدلنا ضروری ہے۔ حکومت کو کم عمری کی شادی کے خلاف قوانین پر سخت عملدرآمد کرنا چاہیے، نکاح رجسٹریشن لازمی بنانا چاہیے، اور ایسے خاندانوں کے خلاف کارروائی یقینی بنانی چاہیے جو قانون کو نظرانداز کرتے ہیں۔ اسکولوں اور میڈیا کے ذریعے آگاہی پروگرام چلانا، والدین کو تعلیم اور صحت کی اہمیت سمجھانا، اور مذہبی رہنماؤں کو اس مہم میں شامل کرنا کم عمری کی شادی سے بچانے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ صرف اجتماعی کوشش اور شعور کی تبدیلی ہی اس مسئلے کا پائیدار حل فراہم کرتی ہے۔

جنسی اور صنفی تشدد ہو، جبری مشقت ہو یا پھر اسمگلنگ اور کم عمری کی شادیاں؛ یہ سب وہ تلخ حقائق ہیں جن کا سامنا آج ہمارے ملک کے معصوم بچوں کو ہے۔ یہ ایک بہت بڑا موضوع ہے، اسے کسی مختصر تحریر میں سمونا ممکن نہیں تاہم ضمن میں اہم بات یہ ہے کہ بچوں کے مسائل کے حل کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، چاہے وہ کردار کسی بھی صورت میں ادا ہو سکے، کر دینا چاہیے۔

کچی بستیوں میں رہنے والے بچے غریب ضرور ہوتے ہیں لیکن کم ہمت اور دل شکستہ نہیں، ان کا حوصلہ، ارادے اور اپنے بہتر مستقبل کے لیے آنکھوں میں سجے خواب انہیں مضبوط بنا دیتے ہیں، اس قدر مضبوط کہ پھر انہیں کوئی اذیت، تکلیف اور پریشانی کمزور نہیں ہونے دیتی۔ ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی ایک نظم کو یہاں شامل کروں گا:
نظم: ہم بچے کچی بستی کے

ہم بچے کچی بستی کے

ہم پھول ہیں ست رنگی سے
جھلمل ستارے، راج دلارے
ہم سیپ کے موتی، پیارے پیارے
ساحل کی ٹھنڈی ہوائیں ہم
خوشیوں سے مہکی فضائیں ہم
مورنی کے ہم پنکھ جیسے
اڑتی ہوئی پینگ جیسے
مٹی سے گھروندے بنائے ہیں ہم نے
خواب مستقبل کے سجائے ہیں ہم نے
بارش کی بوندیں، سردیوں کی دھوپ ہیں
ہم بچے کچی بستی کے
بہت ہی خوب ہیں

نوٹ: یہ مضمون روزنامہ پاکستان سے لیا گیا ہے
 

کرنسی، دھاتوں اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ
Currency → PKR
Currency Pair Rate (PKR) Change
🇺🇸 US Dollar USD → PKR 277.72 ▲ 1.14
🇪🇺 Euro EUR → PKR 308.03 ▼ 0.74
🇬🇧 British Pound GBP → PKR 368.68 ▼ 0.37
🇸🇦 Saudi Riyal SAR → PKR 73.88 ▲ 0.33
🇦🇪 UAE Dirham AED → PKR 75.62 ▲ 0.32
🇨🇳 Chinese Yuan CNY → PKR 41.63 ▲ 0.18
Current Metals
Metal Unit Price (PKR) Change
Gold 24K Per Tola 418,900 ▼ 10,343
Gold 22K Per Tola 383,992 ▼ 9,481
Gold 21K Per Tola 366,537 ▼ 9,050
Gold 18K Per Tola 314,175 ▼ 7,757
Silver Per Tola 5,351 ▼ 189
Platinum Per oz (USD) 1,540 ▼ 37.1%
Current Petrol
Fuel Type Unit Price (PKR) Change
Petrol Super Per Litre 346.00 —
Diesel HSD Per Litre 251.37 —
High Octane Per Litre 415.00 —
Kerosene Per Litre 308.52 —
LPG Per Kg 294.07 —
ضرور پڑھیں