کوڑا ٹیکس نہ دینے والوں کیلئے بڑی پابندی کا اعلان
کوڑا ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر پراپرٹی کی خرید و فروخت کیلئے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
ایکسائز حکام کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں اب تک کوڑا ٹیکس کے 14 لاکھ بل تقسیم کیے جاچکے ہیں، جبکہ پہلی سہ ماہی کے باقی ماندہ بل بھی جلد شہریوں تک پہنچا دیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کوڑا ٹیکس کے نفاذ کے بعد گزشتہ دو ماہ کے دوران 2 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول کیے جاچکے ہیں۔ دوسری سہ ماہی کے بلز بھی جلد جاری کیے جائیں گے، جن کا اجرا یکم جنوری سے شروع ہوگا۔
ایکسائز حکام کے مطابق صوبے میں تقریباً 50 لاکھ یونٹس موجود ہیں، جن میں سے 20 فیصد سے زائد پراپرٹیز ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ٹاؤنز میں واقع ہیں جہاں انتظامیہ خود صفائی کی فیس وصول کرکے کوڑا اٹھانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اسی وجہ سے ان علاقوں سے سرکاری کوڑا ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر میں کوڑا ٹیکس کے بلوں کا اجرا یکم ستمبر سے شروع کیا گیا تھا، شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے آن لائن بل حاصل کرنے کا طریقہ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
شہری ایکسائز کی ویب سائٹ پر اپنا پراپرٹی نمبر درج کرکے کوڑا ٹیکس کا بل آن لائن حاصل کرسکتے ہیں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق ادائیگی کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خوفناک ٹریفک حادثات میں 13 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جائیداد کی خرید و فروخت میں مشکلات سے بچنے کے لیے کوڑا ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائیں۔