خوفناک ٹریفک حادثات میں 13 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی
ریسکیو حکام کے مطابق پہلا حادثہ ایبٹ آباد میں حویلیاں انٹرچینج کے قریب موٹر وے پر پیش آیا جہاں مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان تصادم ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق مسافر بس گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ اچانک اس کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق گلگت سے بتایا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب کلورکوٹ کے علاقے ہیتو خسور روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے دو خواتین اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ادھر بھکر میں صدرے والی پلی کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا جہاں ہائی لکس ڈالہ اور ڈمپر آپس میں ٹکرا گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈالہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ڈالے میں سوار دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن کی باہمی اختلافات ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم
ریسکیو اہلکاروں نے دونوں لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کلورکوٹ منتقل کردیں۔ مسلسل پیش آنے والے ان حادثات نے ٹریفک کی حفاظت اور ڈرائیوروں کی احتیاط کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔