بجلی چوری کرنے والوں کے ٹرانسفارمر بند ہوں گے، حکومت کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری روکنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے پورے فیڈر کے ہزاروں بے گناہ صارفین کو بجلی کی بندش کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر کے مطابق 30 فیصد یا اس سے زیادہ لائن لاسز والے تمام فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہے گی، جبکہ بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والوں کو کسی صورت ریلیف نہیں دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں خفیہ کیمروں سمیت دیگر جاسوسی والے آلات پر پابندی کا فیصلہ
اویس لغاری نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی کی طے شدہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے صارفین کو بھاری بلوں سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث گیس کی قلت سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہو رہی ہے۔
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے منصوبے سے متعلق وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ ساڑھے 5 ارب روپے کی لاگت سے جنوری 2028 میں مکمل ہوگا، جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسے انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔