بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خواتین کیلئے اہم خبر
ترجمان کے مطابق بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین مفت بینظیر سم حاصل کرنے کیلئے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ساتھ لے کر قریب ترین بی آئی ایس پی دفتر جائیں۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی جانب سے بھی مستحق خواتین کیلئے اہم معلوماتی اور آگاہی پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں سم کے حصول کیلئے مقررہ طریقہ کار پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پروگرام انتظامیہ نے واضح کیا کہ مفت سم کے حصول کیلئے کسی غیر مجاز فرد یا نجی دکان سے رجوع نہ کیا جائے۔ مستحق خواتین کسی بھی فرنچائز، ریٹیلر یا غیر متعلقہ شخص سے سم حاصل کرنے یا اسے ایکٹیویٹ کروانے سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق مفت سم کی فراہمی اور ایکٹیویشن کا تمام عمل صرف بی آئی ایس پی کے قائم کردہ سرکاری دفاتر کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ مستحقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی شخص کو اپنی ذاتی معلومات یا شناختی دستاویزات غیر ضروری طور پر فراہم نہ کریں۔
بی آئی ایس پی انتظامیہ نے مستحق خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ سم کے حصول کیلئے صرف سرکاری طریقہ کار اختیار کریں تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ یا جعل سازی سے محفوظ رہ سکیں۔
واضح رہے کہ مفت سم سے متعلق سہولت کا مقصد مستحق خواتین کو پروگرام کی سہولیات تک رسائی میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایمان مزاری کیس: اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری
حکام نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ ذریعے سے ملنے والی معلومات پر اعتماد کرنے کے بجائے بی آئی ایس پی کے متعلقہ دفاتر سے رہنمائی حاصل کریں۔