نالہ لئی میں پانی خطرناک حد تک بلند، نشیبی علاقوں سے انخلا شروع
رات ایک بجے شروع ہونے والی بارش صبح تک جاری رہی، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی گئی اس صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام اباد میں سے سیلابی کیفیت کے خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 17.5 فٹ تک پہنچ گئی ہے، صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی 21.5 فٹ سے بڑھ کر 22 فٹ اور گوالمنڈی میں 15 فٹ سے بڑھ کر 17.5 فٹ ہو گیا ہے۔
صورتحال سنگین ہونے پر گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کی ہے۔
دوسری جانب بارش کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے گولڑہ میں سب سے زیادہ 113 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سید پور ولیج میں 71، پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 57 اور بوکرا آئی 12 میں 45 ملی لیٹر بارش ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوٹ ادو: باراتیوں کا رکشہ نہر میں جاگرا، 6 افراد جاں بحق
راولپنڈی کے نیو کٹاریاں میں 59 ملی لیٹر، پیرو دھائی میں 51، شمس آباد اور گوالمنڈی میں 45 جبکہ کچہری چکلالہ کے قریب 33 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جڑواں شہروں میں بارش کا اوسط 75.44 ملی لیٹر رہا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو نالہ لئی کے اطراف غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔