پاکستان نے جنگ کے خطرات کم کیے، اب مسلم اتحاد وقت کی ضرورت ہے: طاہر اشرفی
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان نے تیسری عالمی جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ اسرائیل کی کوشش تھی کہ مسلم ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کیے جائیں تاہم یہ سازش کامیاب نہیں ہوئی۔
انہوں نے عرب ممالک اور پوری امت مسلمہ سے اپیل کہ وہ باہمی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں کیونکہ موجودہ حالات میں مسلم دنیا کا اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:: نائٹ پارٹیز کلچر سے ایچ آئی وی پھیل رہا ہے: مصظفیٰ کمال کا انکشاف
علامہ طاہر اشرفی نے بلوچستان میں پیش آنے والے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی اور انتہا پسندی سے نجات کا واحد راستہ قومی اتحاد اور مشترکہ کوششیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ اس بات پر متفق ہیں کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی اور بے گناہ افراد کا قتل شریعت کے خلاف ہے۔ ان کے بقول دین اسلام کسی بے قصور انسان کے قتل کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران پیغام پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر مجموعی طور پر مؤثر عملدرآمد کیا گیا جبکہ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی جاری ہے۔