بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال ایک دوسرے سے مختلف رہے گی، جہاں کہیں بادل برسیں گے تو کہیں سورج کی تپش شہریوں کو پریشان رکھے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں کہیں کہیں بارش بھی ہو سکتی ہے۔ لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
شہر میں تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی، محکمہ موسمیات نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے۔
کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں جنوب مغرب سے تقریباً 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، جس کے باعث موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
اسلام آباد میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ دن بھر جزوی ابر آلود اور دھندلی دھوپ کا امکان ہے، جبکہ ہلکی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں معمولی کمی آ سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں:آئندہ برس حج اخراجات میں مزید اضافے کا امکان
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، قلات میں 33، زیارت میں 25 اور ژوب میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبے کے گرم ترین علاقوں میں سبی کا درجہ حرارت 46، تربت 45، نوکنڈی 44، چمن 38، گوادر 33 اور جیوانی 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔