لاہور میں قائم نجی ٹیوشن سینٹرز کا ہنگامی سروے کرانے کا فیصلہ
لاہور میں قائم نجی ٹیوشن سینٹرز کا ہنگامی سروے کرانے کا فیصلہ کیا/ فائل فوٹو
Updated | Published July, 2 2026 |
لاہور:(ویب ڈیسک) کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر میں قائم نجی ٹیوشن سینٹرز، اکیڈمیوں اور تعلیمی عمارتوں کا ہنگامی سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ گھروں میں بغیر اجازت ٹیوشن سینٹر چلانے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی نے بتایا کہ تین روزہ سروے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے دوران نجی اکیڈمیوں اور ٹیوشن سینٹرز میں حفاظتی انتظامات، عمارتوں کی حالت، طلبہ کی تعداد اور دیگر ضروری معلومات کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بارش سے چھت ٹپکتی تھی جو پکی کرائی، اندازہ نہ تھا چھت گرے گی: زخمی ٹیچر انیلہ
انہوں نے بتایا کہ سروے مکمل ہونے کے بعد جامع رپورٹ تیار کی جائے گی جس کی روشنی میں نجی ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن، نگرانی اور ریگولیشن کے لیے نئی پالیسی اور ضابطہ کار متعارف کرایا جائے گا۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی اداروں میں حفاظتی معیار کو یقینی بنانا اور مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کرنا ہے تاکہ طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔