ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع
ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کا موبائل فون تفتیش کے لیے درکار تھا، جو گزشتہ روز تفتیشی ٹیم کو موصول ہوا ہے۔ تاہم موبائل کا فرانزک اور دیگر ضروری کارروائیاں ابھی مکمل نہیں ہوئیں، جس کے باعث تفتیش جاری ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ تحقیقات جلد از جلد مکمل کی جائیں اور آئندہ سماعت پر پیش رفت سے متعلق مکمل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے دوران اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ثاقب چدھڑ اپنے عہدے اور اختیارات کا مبینہ طور پر ناجائز استعمال کر رہے ہیں اور جان بوجھ کر تفتیشی عمل میں تاخیر کی جا رہی ہے تاکہ تحقیقات مطلوبہ رفتار سے آگے نہ بڑھ سکیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت تک وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو تفتیش مکمل کرنے، رپورٹ پیش کرنے اور متعلقہ ریکارڈ جمع کرانے کا حکم بھی دیا تاکہ کیس کی مزید کارروائی شواہد کی روشنی میں آگے بڑھائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بارشوں کا طوفانی اسپیل، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مبینہ ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ مقدمہ تاحال زیرِ سماعت ہے اور عدالت کی جانب سے کسی بھی فریق کے الزامات پر حتمی فیصلہ نہیں دیا گیا۔