وینزویلا کے زلزلے کا بلوچستان کے زلزلوں سے کیا تعلق ہے؟
تازہ ترین زلزلہ آج صبح ضلع بارکھان اور اس کے گرد و نواح میں محسوس کیا گیا، جس کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز بھی بارکھان ہی تھا۔
حالیہ زلزلوں کے بعد عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، ماہرین نے ان مسلسل آنے والے جھٹکوں کی سائنسی وجوہات بھی بیان کی ہیں۔
ڈائریکٹر نیشنل سیسمک سینٹر کراچی امیر حیدر لغاری کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخوا یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں اور حالیہ زلزلے اسی پلیٹ کی بالائی سطح پر ہونے والی زمینی حرکت کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں آنے والے بڑے زلزلے بھی بعض اوقات ٹیکٹونک پلیٹوں پر دباؤ میں تبدیلی کا باعث بنتے ہیں، حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد زمین کے اندر پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں منسلک پلیٹوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں، جس کے باعث مختلف خطوں میں زلزلوں کی سرگرمی بڑھ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خواجہ آصف نے راولاکوٹ عوام کی توہین نہیں کی: رانا ثناء اللہ
امیر حیدر لغاری کا کہنا تھا کہ جب تک زمین کے اندر جمع ہونے والی یہ توانائی مکمل طور پر خارج نہیں ہو جاتی، یوریشین پلیٹ پر مزید زلزلے آنے کے امکانات موجود رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ سائنس کسی بھی زلزلے کے درست وقت، مقام یا شدت کی پیشگی پیش گوئی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔