رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل انتقال کر گئے
اہلخانہ کے مطابق نعیم احمد کھرل گزشتہ پانچ ماہ سے علیل تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث وہ کئی ہفتوں سے مسلسل ڈاکٹروں کی نگرانی میں تھے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج رات 10 بجے ممتاز گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، جبکہ ان کی تدفین آبائی ضلع خیرپور کے خاندانی قبرستان میں کی جائے گی۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی کارکنوں، دوستوں اور عوام کی بڑی تعداد نے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی ترجمان شازیہ مری نے نعیم احمد کھرل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باوقار، مخلص اور عوام دوست سیاسی رہنما تھے، انہوں نے اپنی سیاسی زندگی عوامی خدمت اور پارٹی کے نظریات کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:5 ہزار کے نوٹ پر نواز شریف کی تصویر شامل کرنے کا مطالبہ
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ نعیم احمد کھرل کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک وفادار، متحرک اور نظریاتی ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔