ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے متعدد اضلاع راولپنڈی، مری، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب، جھنگ اور میانوالی میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے اسکردو، دیامیر، استور، ہنزہ اور دیگر بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کے خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی اور میرپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے کراچی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور اور گھوٹکی سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا فارمولا طے پا گیا
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔