سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے والوں کے گرد شکنجہ تنگ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے فیصل آباد ڈویژن کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے شرکت کی۔
دوران اجلاس کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں اور آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کابینہ کمیٹی کو محرم الحرام کے انتظامات، سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے بعد صوبائی وزراء نے مرکزی امام بارگاہ فیصل آباد اور مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ بھی کیا۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز جلوسوں و مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل آرتھو پیڈک اورچلڈرن ہسپتال فور کی منظوری
ان کا کہنا تھا کہ حساس مقامات اور فلیش پوائنٹس پر سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا امکان ختم کیا جا سکے، جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کے لیے بجلی کی بلاتعطل فراہمی، ٹھنڈے پانی اور پنکھوں سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رہیں اور موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔
عظمیٰ بخاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کے باہر نصب کیو آر کوڈز کے ذریعے پینک بٹن ایپلیکیشن کے استعمال سے متعلق منتظمین کو مکمل طور پر آن بورڈ لیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے روٹس پر پانی کا مسلسل چھڑکاؤ کیا جائے اور شرکاء کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کی مؤثر نگرانی کے لیے کوئیک رسپانس فورس تعینات کر دی گئی ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فوری کارروائی کو یقینی بنائے گی۔
اس کو بھی دیکھیں: میڈیکل میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ کا شیدول جاری
صوبائی وزیر نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور یہ مقصد عوام، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مکمل نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ متبادل ٹریفک روٹس کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے تمام تشہیری ذرائع استعمال کیے جائیں جبکہ ٹریفک وارڈنز ہر وقت عوام کی رہنمائی اور خدمت کے لیے موجود رہیں۔