مڈل کلاس طبقے کیلئے حکومت نے سولر سکییم کا اعلان کردیا
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے متوسط طبقے کیلئے ایک تاریخی سولر قسط پلان تیار کیا ہے، جس کا مقصد عوام کو بڑھتے ہوئے بجلی کے اخراجات سے مستقل ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے ذریعے شہری بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے اپنے گھروں میں سولر سسٹم نصب کروا سکیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی صارف کا ماہانہ بجلی کا بل 25 ہزار روپے آتا ہے تو وہ سولر سسٹم لگوا کر بھی تقریباً اتنی ہی رقم ماہانہ قسط کی صورت میں ادا کرے گا۔ اس طرح صارف کو اضافی خرچ برداشت نہیں کرنا پڑے گا اور چند برسوں میں وہ اپنے سولر نظام کا مکمل مالک بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تین سے چار سال کے عرصے میں قسطوں کی ادائیگی مکمل ہونے کے بعد صارفین بجلی کے بھاری بلوں سے ہمیشہ کیلئے نجات حاصل کر سکیں گے، جس سے گھریلو اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور توانائی کے متبادل ذرائع کو بھی فروغ ملے گا۔
سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ مڈل کلاس طبقے کی معاشی مشکلات کم کرنے کیلئے سستے قرضوں کی خصوصی اسکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، جبکہ کراچی میں سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے قیام پر بھی کام کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:محرم الحرام کیلئے پہلی بار محفوظ محرم ایپ متعارف
انہوں نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق سندھ حکومت اب چھوٹے منصوبوں کے بجائے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔
اسی سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر پورٹ کا میگا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کیلئے چین کے ساتھ اہم پیش رفت ہو چکی ہے۔