امید کا بجٹ ہے،اپنی عوام کو اپنے ہی وسائل سے ریلیف دینگے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کابینہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ون یونٹ بن کر کام کیاجس پر انہیں شاباش دیتی ہوں، وفاق کو شیئر دینے پر بہت بڑی رقم دینے سے اثر تو آیا لیکن پوری کوشش کی کہ عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مالی مسائل اور عالمی حالات کے باوجود بغیر کسی نئے ٹیکس کے عوام کی خوشحالی پر مرکوز بجٹ پیش کیا، پنجاب کے بجٹ کی توجہ عوامی ترقی اور ریلیف پر مرکوز ہے، پوری امید ہے گزشتہ برسوں کی طرح عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے، دعا ہے اللہ تعالیٰ صدق دل سے پنجاب کے عوام کی خدمت کی توفیق دے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ 27-2026 کی منظوری بھی دیدی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی بجٹ 27-2026 ڈاکومنٹ پر دستخط کردیئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ کا اجلاس، بجٹ 27-2026 کی منظوری
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ،سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل سمیت پوری ٹیم کو شاباش دی، وزیراعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریونیو بڑھانے کے لئے اقدامات کا بھی حکم دیا۔