بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ 838 ارب روپے تک بڑھانے کی تجویز
بجٹ دستاویزات کے مطابق سماجی تحفظ کے سب سے بڑے پروگرام کیلئے 838 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ حکومت مہنگائی اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ سے متاثرہ طبقات کی مشکلات کم کرنے کیلئے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت بی آئی ایس پی کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ تجویز کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق اضافی فنڈز سے نہ صرف موجودہ مستفید ہونے والے خاندانوں کو سہولت ملے گی بلکہ پروگرام کے دائرہ کار کو بھی وسعت دی جائے گی۔ اس اقدام کے ذریعے کمزور اور پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے اور انہیں بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، بی آئی ایس پی کیلئے فنڈز میں اضافہ لاکھوں خاندانوں کیلئے ایک مثبت قدم ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی نے عام شہری کی قوت خرید کو متاثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ
حکومت کو امید ہے کہ اس فیصلے سے معاشرے کے کمزور طبقات کو بہتر مالی سہارا ملے گا اور غربت میں کمی کے حکومتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔