گلگت انتخابات: سرکاری تعلیمی اداروں میں 2 روزہ تعطیل کا اعلان
چیف سیکرٹری جی بی کے مطابق انتخابات کے پیش نظر صوبہ بھر کے تعلیمی ادارے جمعے اور ہفتے کو بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے بیشتر اسکولوں اور کالجوں میں پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں اتوار کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے انتخابی گہما گہمی بھی جاری ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کی انتخابی مہم پر 5 جون رات 12 بجے سے پابندی عائد کر دی گئی جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اتوار 7 جون کی صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت پولنگ کے وقت سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنا قانونی طور پر لازم ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 5 جون 2026 کی رات 12 بجے سے ہر قسم کی انتخابی مہم پر مکمل پابندی ہو گی، مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد حلقے کی حدود میں انتخابی جلسے، جلوس، ریلیاں اور کارنر میٹنگز ممنوع ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بی آئی ایس پی کے حوالے سے ایک اور اہم فیصلہ
الیکشن کمیشن کے مطابق ممنوعہ وقت میں لاؤڈ اسپیکر کا استعمال اور ووٹرز کو راغب کرنے والی تمام سرگرمیوں پر سخت پابندی عائد رہے گی، مقررہ وقت کے بعد انتخابی مہم چلانے والے امیدوار یا جماعت کے خلاف الیکشن ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہلی، جرمانہ اور قید کی سزا شامل ہو سکتی ہے۔
ریٹرننگ افسران نے امن و امان برقرار رکھنے اور شفاف انتخابات کے لیے تمام شراکت داروں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔