میٹرک اور انٹر کے نتائج کا شیڈول جاری
سندھ حکومت نے صوبے بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج جاری کرنے کا شیڈول جاری کر دیا، اس فیصلے کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کا نتیجہ 10 جولائی تک جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکرٹری جامعات محمد عباس بلوچ اور صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے شرکت کی۔
اجلاس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے حالیہ امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، مختلف بورڈز کی جانب سے امتحانی انتظامات اور نتائج کی تیاری کے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔
وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ نتائج بروقت جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو کالجوں اور جامعات میں داخلوں کے عمل کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کردیے جائیں گے نیز سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران ناقص کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کی ڈیوٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سکولوں میں پرائمری سطح پر یونیفارم ختم کرنے کا فیصلہ
سیکرٹری جامعات محمد عباس بلوچ نے بتایا کہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ چیئرمین کراچی بورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 جون کو مکمل ہو جائیں گے۔