عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس پر 8 جون کو چھٹی کا اعلان
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 22 ذوالحج 1447 ہجری، بمطابق 8 جون 2026ء کو حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کی مناسبت سے شہر میں مقامی تعطیل ہوگی۔ یہ فیصلہ سٹی کونسل کراچی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ تعطیل کے روز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام تمام دفاتر بند رہیں گے، تاہم ضروری اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے ادارے معمول کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
خیال رہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کراچی کے معروف مذہبی، روحانی اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال عرس کی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی جاتی ہیں۔
ملک بھر سے ہزاروں زائرین اور عقیدت مند مزار پر حاضری دیتے ہیں اور مختلف مذہبی و روحانی محافل میں شرکت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کاروبار کے اوقات دوبارہ تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عرس کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور زائرین کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ تقریبات پُرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں اور آنے والے عقیدت مندوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔