پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کا عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان
ذرائع کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک میں شامل اراکین اسمبلی کی دوسری بیٹھک ہوئی جس میں 20 سے زائد ارکان شریک ہوئے۔
دوران اجلاس ناراض ممبران کا کہنا تھا کہ جامع اور قابل عمل حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے طویل عرصہ سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔
ناراض ممبران نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمیت اراکین اسمبلی کے اڈیالہ جیل کے باہر بار بار انتظار کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی، پارٹی کی جانب سے جاری تحریک غیر منظم اور غیر سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔
فارورڈ بلاک ممبران کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق علیمہ خان کا موقف خوش آئند ہے، بانی پی ٹی آئی سے وزیر اعلیٰ اور اہل خانہ کی ملاقات نہ ہونے تک بجٹ اسمبلی میں پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کیلئے سہیل آفریدی کا عدالت سے رجوع
ناراض پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ برس علی امین گنڈاپور نے بانی سے ملاقات کیے بغیر بجٹ پاس کروایا تھا، اب آئندہ مالی سال کا بجٹ منظوری ملاقات سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بیانات پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا، اراکین نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے میڈیا کو کہا ہم پانچ ارکان بھی اکھٹے نہیں تو جلد ہم منظر عام پر آ کر اپنا گروپ شو کر دیں گے۔