عمران خان سے ملاقات کیلئے سہیل آفریدی کا عدالت سے رجوع

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
سہیل آفریدی اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جانیوالی درخواست پر دستخط کر رہے ہیں
Updated | Published June, 3 2026 | Muhammad Bilal
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ ہیں جب کہ مزمل اسلم وزیرِ اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ ہیں، وزیر اعلیٰ صوبے میں گڈ گورننس کے ذمہ دار ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مختلف اہم صوبائی امور پر رہنمائی اور ہدایات کے لیے مشاورت کے پابند ہیں، صوبائی کابینہ کی تشکیل اور دیگر امور پر ہدایات کے لیے وزیر اعلیٰ نے ملاقات کی اجازت طلب کی تھی۔

درخواست گزاروں نے کہا کہ بانی سے ملاقات کے لیے سیکرٹری وفاقی وزارتِ داخلہ، سیکرٹری محکمہ داخلہ اور حکومتِ پنجاب سے ملاقات کے انتظامات کی درخواست کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا کہ جب وزیراعلیٰ کی درخواست پر کوئی کارروائی نہ ہوئی تو اس عدالت میں آئینی درخواست دائر کی تھی، توہینِ عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی جس پر دیگر درخواستوں کے ساتھ تاحال کوئی سماعت نہیں ہوئی۔

درخواست میں یہ بھی لکھا گیا کہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی تیاری ایک اہم اور حساس صوبائی انتظامی معاملہ ہے، بجٹ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات اور رہنمائی انتہائی ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کے سینئر رہنما حافظ حمداللہ لاپتہ ہو گئے

درخواستگزاروں نے مؤقف اپنایا کہ صوبے کے عوام نے اپنے منتخب نمائندوں کو بانی پی ٹی آئی کے ویژن کی بنیاد پر منتخب کیا تھا اس لیے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں درخواست گزاروں کی بانی سے مشاورتی ملاقات گڈ گورننس اور عوامی مفاد کے لیے ناگزیر ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ آئینی، قانونی اور انسانی بنیادوں پر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے، عدالت متعلقہ اداروں کو ملاقات کا انتظام کرنے کا حکم دے اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔