حکومت کا بی آئی ایس پی کے حوالے سے ایک اور اہم فیصلہ

حکومت نے 35 سال سے زائد عمرکی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
Updated | Published June, 3 2026 | Muhammad Bilal
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے 35 سال سے زائد عمرکی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق پبلک اکاؤئنٹس کمیٹی (پی اے سی ) کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران کمیٹی ممبر بلال مندوخیل نے کہا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں غیرشادی شدہ خواتین شامل نہیں۔

بلال مندوخیل کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مددکی حق دار وہ غیر شادی شدہ خواتین ہیں جن کا کوئی نہیں ہوتا۔

اس پر بی آئی ایس پی حکام نے کہا کہ 35 سال سے زائد عمرکی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی بی آئی ایس پی میں شامل کیا جارہا ہے۔

اس فیصلے کو سماجی تحفظ کے نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ملک میں بڑی تعداد میں ایسی غیر شادی شدہ خواتین موجود ہیں جنہیں معاشی مشکلات، خاندانی سہارے کی کمی اور روزگار کے محدود مواقع کے باعث مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس فیصلے سے 35 سال سے زائد عمر کی مستحق غیر شادی شدہ خواتین کو مالی معاونت مل سکے گی جس سے ان کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور آئی ایم ایف کابی آئی ایس پی کی رقم میں اضافے پر اتفاق

ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات کمزور طبقے کو معاشی دباؤ سے نکالنے اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

بی آئی ایس پی میں غیر شادی شدہ خواتین کی شمولیت سے سماجی انصاف کو بھی فروغ ملے گا کیونکہ اس سے ان خواتین کو بھی حکومتی امداد تک رسائی حاصل ہو گی جو پہلے اس سہولت سے محروم تھیں۔

عوامی حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ اس عمل کو شفاف، آسان اور تیز بنایا جائے تاکہ حقیقی مستحق خواتین کو بروقت فائدہ پہنچ سکے۔