پاکستان میں رواں برس معمول سے کم بارشیں برسنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 2016 کے بعد ایل نینو سرگرم ہونے کے باعث پاکستان میں رواں برس معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
فائل فوٹو
Updated | Published June, 3 2026 | Muhammad Bilal
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 2016 کے بعد ایل نینو سرگرم ہونے کے باعث پاکستان میں رواں برس معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق ایل نینو ایک ایسا موسمی عمل ہے جو دنیا بھر میں درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بنتا ہے اور اس کے باعث دنیا کے کچھ حصوں میں خشک سالی اور کچھ مقامات پر شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔

ایل نینو پیسفک اوشن کے سطح سمندرکے معمول سے زائد درجہ حرارت کے باعث سرگرم ہوتا ہے، ایل نینو کے دوران پاکستان سمیت خطے میں بارشوں کا سلسلہ کم ہوجاتا ہے جبکہ پاکستان میں بارشوں کی کمی کے باعث زراعت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں 5 جون تک آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے سبب گزشتہ رات سندھ کے مختلف علاقوں میں بادل برسے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا بتانا ہے کہ موہنجوداڑو میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ملی میٹربارش ہوئی، روہڑی میں20 ملی میٹربارش اور 104 کلو میٹرفی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں 2 تا 5 جون بارشوں و ژالہ باری کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ سسٹم کے زیر اثر سندھ کے دیگر شہروں خیرپور، دادو، گھوٹکی، تھرپارکر اور ملحقہ اضلاع میں بھی بادل برسنے کا امکان رہے گا۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ دنوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، اس دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتاہے۔