اسلام آباد: سمارٹ لاک ڈاؤن کے اوقات کار میں بڑی تبدیلی
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے نئے احکامات کے مطابق مارکیٹس، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کیلئے نئے اوقات مقرر کر دیے گئے ہیں جن پر فوری عمل درآمد ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز روزانہ رات 9 بجے تک بند کرنا لازمی ہوں گے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کے ہجوم کو کم کرنا اور عوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔
اسی طرح ریسٹورنٹس، کریانہ اسٹورز اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 11 بجے تک اپنی سرگرمیاں ختم کرنا ہوں گی، کھانے پینے کی اشیا سے وابستہ کاروبار کو عوامی سہولت کے پیش نظر نسبتاً زیادہ وقت دیا گیا ہے، تاہم مقررہ اوقات کے بعد کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید برآں شادی ہالز، بینکوئٹ ہالز اور تقریبات کے دیگر مقامات کو رات 10 بجے تک بند کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شادی اور دیگر تقریبات کے منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی سختی سے پابندی کریں۔
یہ بھی پڑھیں:جےیوآئی کے سینئررہنما حافظ حمداللہ لاپتہ ہوگئے
ضلعی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئے اوقات کار کا خیال رکھتے ہوئے اپنی روزمرہ سرگرمیوں کو ترتیب دیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔