فیلڈ مارشل کا دہشتگردوں کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا جہاں کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں شہادت پانے والوں کو بھرپور خراجِ عقیدت جبکہ دہشت گردی کے خلاف جوانوں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دشمن قوتوں کی سرپرستی میں دہشت گردی کے خلاف عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، دہشت گردی پاکستان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ شٹل ٹرین پر فتنہ الہندوستان کا دہشت گرد حملہ
آرمی چیف نے بھارتی حمایت یافتہ عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستانی عوام اور افواج کا حوصلہ بلند اور غیر متزلزل ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ مغربی سرحدوں پر تعینات جوان ملکی دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پاک فوج ملکی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام سہولت کاروں اور عناصر کا تعاقب جاری رہے گا۔