بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی نظام کے باعث بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان موجود ہے، لیکن گرمی کی شدت میں فوری طور پر نمایاں کمی متوقع نہیں۔
لاہور میں دن کے اوقات کے دوران شدید حبس اور گرمی برقرار رہ سکتی ہے جبکہ سہ پہر کے بعد بادل چھانے اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش سے وقتی طور پر موسم خوشگوار ہو سکتا ہے، تاہم مجموعی درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان کم بتایا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا موجودہ سسٹم رات تک ملک سے نکلنے کا امکان ہے، تاہم اس سے پہلے وقفے وقفے سے بادلوں کی آمد اور ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسافروں سے بھری میٹروبس میں آگ لگ گئی
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ گرمی سے پیدا ہونے والے مسائل سے بچا جا سکے۔