حکومت کا ڈی جی آئی بی فواد اسداللہ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

خطے کی کشیدہ صورتحال میں حکومت نے بڑا سکیورٹی فیصلہ کرتے ہوئے داخلی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ کی مدت ملازمت میں توسیع کر دی۔
فائل فوٹو
Updated 23 گھنٹے قبل | Published May, 22 2026 | Muhammad Bilal
اسلام آباد: (سنو نیوز) خطے کی کشیدہ صورتحال میں حکومت نے بڑا سکیورٹی فیصلہ کرتے ہوئے داخلی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ کی مدت ملازمت میں توسیع کر دی۔

 

وفاقی حکومت نے فواد اسد اللہ خان کو بطور ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا، ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ خان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دے دی گئی، کابینہ ڈویژن نے ڈی جی آئی کی مدت ملازمت میں 4 سال کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق فواد اسد اللہ کی مدت ملازمت میں 2030 تک توسیع کی گئی ہے، حکومت نے داخلی و قومی سلامتی کے امور میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے یہ اہم فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ملک دشمن نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں اور حساس سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں آئی بی قیادت کو برقرار رکھا گیا ہے۔

فواد اسد اللہ خان کی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں ان کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے

 

یاد رہے کہ فواداسد اللہ خان کو 21 اپریل 2022 کو ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو تعینات کیا گیا تھا، فواد اسد اللہ خان انٹیلی جنس کیڈر کے پہلے افسر ہیں جنہیں گریڈ 22 میں ترقی دے کر ڈی جی آئی بی مقرر کیا گیا۔

 

فواد اسد اللہ خان آپریشنل اور اسٹریٹجک انٹیلی جنس کے شعبوں میں تقریباً 4دہائیوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، فواد اسد اللہ کو 1996 میں تمغۂ شجاعت اور 2017 میں ستارۂ شجاعت عطا کیا گیا۔

معرکہ حق کے دوران خدمات کےاعتراف میں انہیں 2025 میں ہلالِ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔