عمران خان کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کا حکمنامہ جاری
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بنچ نے تحریری حکمنامہ جاری کیا۔
عدالتی حکمنامے میں لکھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے طبی بنیادوں پر التوا کی درخواست دی گئی، سلمان صفدر آنکھ کے پردے (ریٹینا) کے طبی عارضے میں مبتلا ہیں۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ گزشتہ سماعت پر اپیل کنندہ کے وکیل کو دلائل دینے کا آخری موقع دیا گیا تھا، آئندہ سماعت پر بھی وکیلِ صفائی طبی وجوہات کے باعث دستیاب نہ ہوئے تو اپیل کنندہ متبادل وکیل پیش کریں۔
عدالتی حکمنامے میں کہا گیا کہ متبادل وکیل نہ ہونے کی صورت میں اپیل کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ اور قانون کے مطابق کر دیا جائے گا۔
عدالت کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکالت نامے کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کر دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ بحالی کے لئے آئینی عدالت میں درخواست دائر
عدالت نے ہدایت کی کہ وکالت نامہ تمام قانونی ضابطے پورے کر کے فوری طور پر وکیل کو واپس کیا جائے جبکہ وکلا کو بھی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے حوالے سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکمنامے کے مطابق عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 190 پاؤنڈ کیس کی مزید سماعت 18 جون 2026 تک ملتوی کر دی۔