گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ بحالی کے لئے آئینی عدالت میں درخواست دائر
رکن قومی اسمبلی و سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیر افضل مروت نے علی امین گنڈاپور کی وزارت اعلیٰ کے منصب پر بحالی کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کردی۔
آئینی عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو ڈی نوٹیفائی کرنا غیر قانونی اور آئین سے متصادم ہے، علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ ایک سزایافتہ نااہل فرد واحد کی ڈکٹیشن پر لیا گیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ دباؤ کے تحت لیا گیا، علی امین گنڈا پور کے استعفے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے استعفے کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا جائے، علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بحال کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کی عید کے بعد عمران خان کیسز مقرر کرنے کی یقین دہانی
درخواست گزار نے استدعا کی کہ سہیل آفریدی کی بطور وزیر اعلیٰ تقرری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، غیر آئینی اقدامات کے نتیجے میں ہونے والے تمام سرکاری فیصلوں کو بھی منسوخ کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کو فارغ کرکے سہیل آفریدی کو صوبہ کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کیا تھا۔