شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 خوارج جہنم واصل

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
فائل فوٹو
Updated 19 گھنٹے قبل | Published May, 19 2026 | Muhammad Bilal
راولپنڈی: (سنو نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، خفیہ اطلاعات پر 17 مئی سے ایریا سینیٹائزیشن آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 22 خوارج جہنم واصل ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، مارے گئے خوارج متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا مؤثر محاصرہ کر لیا اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے رہے، دہشتگردوں نے عوام کو ڈرا دھمکا کر محفوظ راستہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شہری جانوں کو خطرے میں ڈالنا قابل مذمت عمل ہے، "عزمِ استحکام" کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رہیں گی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: بارکھان، سکیورٹی فورسز کا آپریشن،7 خوارج ہلاک، میجر سمیت 5 جوان شہید

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں ۔

محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔