پی ٹی آئی رہنما افضل ساہی کی 9 مئی کیس میں سزا معطل

PTI leader Afzal Sahi
فائل فوٹو
Updated 9 گھنٹے قبل | Published May, 14 2026 |
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق اہم پی اے جنید افضل ساہی کو سانحہ 9 مئی سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے بڑا ریلف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی 3 سال قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں اپیل کے فیصلے تک ریلیف فراہم کر دیا۔

 جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے  فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد  جنید افضل ساہی کی سزا معطلی کی درخواست کو منظور کیا۔

ذہن نشین رہے کہ جنید افضل ساہی کیخلاف سانحہ 9 مئی کے تناظر میں تھانہ سول لائن فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے انہیں 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کیخلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔

سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے چوہدری عزیر اشرف ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل سے کسی قسم کی برآمدگی نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی شخص کو زخمی کرنے کا الزام ثابت ہو سکا ہے، حساس اداروں کیخلاف نعرے بازی کا بھی کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا۔

وکیل صفائی چوہدری عزیر اشرف ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ وہ گزشتہ 7 ماہ سے جیل میں ہیں، اس لیے استدعا ہے کہ  سزا معطل کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:جن لوگوں کے پاس زمین نہیں، مفت فراہم کریں گے: مریم نواز

دوسری جانب سرکاری وکیل اور اسپیشل پراسیکیوٹر نے سزا معطلی کی درخواست کی مخالفت کی، تاہم وہ عدالت کو سزا برقرار رکھنے کے حوالے سے مطمئن نہ کر سکے،عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد سابق ایم پی اے کی سزا معطل کردی۔