بارکھان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن،7 خوارج ہلاک، میجر سمیت 5 جوان شہید

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ میجر سمیت 5 جوان شہید ہو گئے۔
فائل فوٹو
Updated 23 گھنٹے قبل | Published May, 13 2026 | Muhammad Bilal
راولپنڈی: (سنو نیوز) بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ میجر سمیت 5 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد وں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران 7 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے ، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے، شہداء میں میجر توصیف احمد بھٹی سمیت 4 جوان نائیک فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر توصیف احمد بھٹی کا تعلق پاکپتن سے تھا جبکہ شہداء سپاہیوں کا تعلق سکھر، اسکردو، خانیوال اور رحیم یار خان سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی سازش بے نقاب

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے، سکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم برقرار ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آپریشن "عزم استحکام" کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔