سندھ: اساتذہ کے ٹرانسفر کیلئے درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے اساتذہ کے ای ٹرانسفر کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی۔
فائل فوٹو
Updated | Published May, 12 2026 | Muhammad Bilal
کراچی: (سنو نیوز) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے اساتذہ کے ای ٹرانسفر کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی۔

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کے مطابق اساتذہ ٹرانسفر کے لیے اب 17 مئی 2026 تک درخواست جمع کروا سکتے ہیں، ای ٹرانسفر پورٹل پر میوچول ٹرانسفر کا آپشن بھی کھول دیا گیا۔

حکام کے مطابق امیدوار صوبہ بھر میں 1:1 وائس ورسہ ٹرانسفر درخواست دے سکیں گے، ٹرانسفر کی کوئی درخواست 17 مئی 2026 کے بعد قابل قبول نہیں ہو گی۔

محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈرافٹ کی صورت میں محفوظ درخواستیں مسترد تصور ہوں گی، صرف باقاعدہ طور پر جمع کرائی گئی درخواستوں پر کارروائی کی جائے گی۔

اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ نے اساتذہ کو مقررہ مدت کے اندر درخواستیں مکمل کر کے جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق تاریخ میں توسیع کا مقصد اُن اساتذہ کو سہولت فراہم کرنا ہے جو تکنیکی مسائل، دستاویزات کی تکمیل یا دیگر وجوہات کے باعث مقررہ وقت میں اپنی درخواستیں جمع نہیں کروا سکے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ای ٹرانسفر نظام کے ذریعے اساتذہ کو شفاف اور آسان طریقے سے تبادلوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور منظوری کا عمل بہتر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں کا نیا شیڈول زیر غور

میوچول ٹرانسفر کے آپشن کے تحت دو اساتذہ باہمی رضامندی سے ایک دوسرے کی جگہ تبادلے کے لیے درخواست دے سکیں گے، تاہم اس کے لیے متعلقہ شرائط اور محکمانہ قواعد پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔

محکمہ ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ اساتذہ اپنی درخواستیں پورٹل پر مکمل طور پر جمع کرانے کے بعد اس کا اسٹیٹس ضرور چیک کریں کیونکہ صرف محفوظ شدہ ڈرافٹ کو حتمی درخواست تصور نہیں کیا جائے گا۔