پاکستان کی سب سے بڑی کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی گرفتار
پولیس ذرائع کے مطابق یہ اہم گرفتاری کراچی کے علاقے گارڈن سے عمل میں لائی گئی جہاں سے ملزمہ نہ صرف منشیات فروشی کا ایک منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی بلکہ وہ درجنوں مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب اور عرصے سے مفرور بھی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ سے پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر منشیات برآمد ہوئی ہیں، انمول عرف پنکی کا نیٹ ورک اتنا وسیع تھا کہ وہ منشیات کی سپلائی کے لیے خواتین رائڈرز کا استعمال کرتی تھی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے۔
پولیس نے ملزمہ پنکی کو بغیر ہتھکڑی پروٹوکول کیساتھ عدالت پیش کیا، کوکین ڈیلر پنکی آگے آگے چلتی رہی جبکہ تفتیشی افسر پیچھے چل کر راستہ بناتا رہا۔
عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنگی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا
دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے نجی ٹی وی پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور متعلقہ افسران کے کردار کے تعین کیلئے انکوائری کی ہدایت کر دی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کا کہنا تھا کہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، کراچی پولیس کے تمام افسران و اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ بغیر ہتھکڑی ملزمہ کی پیشی پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا امکان ہے۔