عوام کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان
Punjab free public transport
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے صوبہ بھر کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس فیصلے کے تحت مختلف شہروں میں چلنے والی بس اور ٹرین سروسز میں سفر کرنے والے شہریوں کو ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اعلان میں کہا گیا کہ اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، گرین بس اور اسپیڈو بس سمیت تمام سرکاری ٹرانسپورٹ سروسز پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے دور میں عوام کو فوری ریلیف دینا اور شہریوں کو ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی طرف راغب کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کسانوں کیلئے بھی خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی تاکہ زرعی اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے باعث معاشی صورتحال متاثر ہوئی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کا راولپنڈی میں بڑے جلسے کا اعلان

مریم نواز نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے، عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں بھی ایک ماہ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔