تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع
Pakistan heavy rain forecast
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بارش کی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے جس کے باعث مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، خصوصاً سوات، دیر اور چترال میں بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جس کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں بارشوں کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں سے کمزور عمارتوں اور سائن بورڈز کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کا 60 فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد ٹریفک پولیس نے شہریوں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں، شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ بارش کے دوران رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔